گوگل ( چیغہ نیوز ) گوگل کی مقبول ترین سروس جی میل اب کسی حد تک واٹس ایپ کی طرح محسوس ہونے لگے گی۔
جی ہاں گوگل کی جانب سے جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ میں ایک نیا چیٹ اسٹائل ریسپانس انٹرفیس متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل کے اس نئے ریپلائی باکس کی آزمائش نومبر 2023 سے کی جا رہی تھی اور اب اسے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ نیا فیچر جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ کا حصہ بنا دیا گیا ہے
اس فیچر سے جی میل کی ای میلز پر ریپلائی کرنے کا تجربہ کسی میسجنگ ایپ جیسا ہو جائے گا۔
ابھی جی میل پر جب کسی ای میل پر ریپلائی کیا جاتا ہے تو ایک نئی ریپلائی ونڈو اوپن ہوتی ہے جس میں اوپر موجود تفصیلات ٹکڑوں میں نظر آتی ہیں۔
مگر اس نئے فیچر سے جب آپ ریپلائی بٹن پر کلک کریں گے تو اوپر موجود ای میل واٹس ایپ میسج پر ریپلائی کی طرح نظر آئے گی۔
اس سے ای میل پر موجود پیغام کو پڑھ کر اس پر جواب دینے میں مدد ملے گی اور یہ یاد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ ای میل میں کیا لکھا تھا۔
اس طرح کا ڈیزائن اب تک میسجنگ ایپس جیسے واٹس ایپ میں ہی نظر آتا ہے۔
البتہ اگر آپ میسجنگ ٹولز جیسے بولڈ، اٹالک، فونٹ کلر اور دیگر استعمال کرنے کے خواہشمند ہوں گے تو آپ کو ٹیکسٹ باکس کے دائیں کونے میں موجود ایک بٹن پر کلک کرکے روایتی ریپلائی ویو پر جانا ہوگا۔
گوگل کے مطابق پرانا ریپلائی باکس طویل اور رسمی جوابات کے لیے بہتر ہے۔
کمپنی کے مطابق رواں سال کے آخر تک یہ فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔