خیبر پختونخوا (چیغہ نیوز) – خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے طویل ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہی، جس کا مرکزی موضوع اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا۔ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف عمران خان کو مذاکرات پر قائل کرنے میں کامیاب رہے، اور بانی پی ٹی آئی نے اس پیشکش پر نیم رضامندی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران علی امین گنڈاپور نے صوبائی معاملات پر عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ قیادت پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی پر نظرثانی بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے علی امین اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی ذمہ داری سونپ دی، اور اتفاق کیا گیا کہ کسی پیشرفت تک یہ معاملہ خفیہ رکھا جائے گا۔
مزید یہ کہ آئندہ چند روز میں علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے ایک اور ملاقات متوقع ہے۔
یاد رہے کہ آج علی امین گنڈاپور نے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔