106

جنوبی وزیرستان اپر : سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مارٹر فائرنگ، بچی اور خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

شکتوئی ( چیغہ نیوز):

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل شکتوئی کے علاقے تریخ تالائی میں گزشتہ روز مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مارٹر گولہ فائر کیا گیا، جو ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ واقعے میں ایک 9 سالہ بچی اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں، جبکہ تین بچیاں اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

واقعے کے بعد مقامی قبائلی رہنما سعید انور محسود نے ایک ویڈیو بیان میں واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور مقامی آبادی سے مطالبہ کیا کہ وہ پرامن طور پر اس نوعیت کے واقعات پر توجہ دلائیں۔
ان کا کہنا تھا:

“اگر اس واقعے پر خاموشی اختیار کی گئی تو ایسے واقعات دوبارہ پیش آ سکتے ہیں۔ محسود قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون اور آئین کے دائرے میں اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔”

واضح رہے کہ ماضی میں بھی اسی نوعیت کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران تحصیل شکتوئی کے علاقے شنکئی ڈیلے میں ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک ریٹائرڈ  فوجی اہلکار قبیلہ خان کے گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے ان کی بہو جاں بحق ہوئی تھی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ مقامی افراد اور قبائلی مشران نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہو تو اس کا مناسب تدارک کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں