پشاور (چیغہ نیوز )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں ضلع کرم میں تمام بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ جمع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کرم میں جاری صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ایپکس کمیٹی اجلاس کے مطابق بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ اکٹھا کرنے تک مشکلات رہیں گی تاہم صورت حال بہتر ہو جائے گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے مشترکہ اقدامات اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ عمائدین جرگہ کے ذریعے دونوں فریقوں سے بات چیت کی جائے گی۔
حالات بہتر ہوتے ہی سڑکیں اور راستے کھل جائیں گے جبکہ کرم کو ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی جاری رہے گی۔ مرکز اور صوبہ مشترکہ طور پر فیصلے کرتے ہوئے حالات بہتر کریں گے۔
قبل ازیں، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کرم میں مستقل امن کے لیے کوشاں ہیں، کابینہ فیصلے کے مطابق اسلحہ اور بنکرز کا خاتمہ ضروری ہے۔