119

خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس اور پالیسی ریفارمز: وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پالیسی آفس کا قیام

خیبرپختونخوا( چیغہ نیوز ) خیبرپختونخوا میں گورننس کی بہتری اور پالیسی ریفارمز کے لیے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں “وزیراعلیٰ پالیسی آفس” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پالیسی آفس نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، اور اس کا افتتاح وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کیا۔

image by google

افتتاحی تقریب میں حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو آفس کے مقاصد اور کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پالیسی آفس صوبے میں پالیسی سازی کے لیے ایک تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گا اور صوبے کے سماجی و اقتصادی مسائل کے پائیدار حل کے لیے جدید اور حقائق پر مبنی تجاویز فراہم کرے گا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی آفس صوبے میں طرز حکمرانی میں بہتری لانے کے لیے انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق، یہ آفس وزیراعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا اور کابینہ کے فیصلوں پر پیشرفت کی مانیٹرنگ بھی کرے گا۔

پالیسی آفس خاص طور پر صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، ماس ٹرانزٹ، موسمیات، زراعت، اور روزگار کے مواقع جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس کے علاوہ، آفس مختلف شعبوں میں ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور حکومت کے تمام امور سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کے لیے اکیڈمیا اور مارکیٹ کے ساتھ روابط بھی قائم کرے گا۔

image by google

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف پالیسی سازی کو موثر بنائے گا بلکہ سرکاری محکموں اور اکیڈمیا کے درمیان مربوط روابط قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پالیسیاں تو بنائی جاتی تھیں، مگر ان پر عملدرآمد کی کمی رہتی تھی۔ اس آفس کا قیام ان پالیسیوں اور فیصلوں کو بروقت اور موثر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

پالیسی آفس کے قیام سے نہ صرف مسائل کے حل میں جدت آئے گی بلکہ فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں