109

“میر خلیل الرحمن فاونڈیشن کا چیغہ نیوز نیٹ ورک کے اشتراک سے قبائلی اضلاع بالخصوص وزیرستان میں صحت،تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں پر کام کرنے کا عزم”

“یہ اقدامات قبائلی عوام کے لئے امید کی نئی کرن ہیں: نثار احمد محسود”

کراچی(چیغہ نیوز)قبائلی اضلاع خصوصاً وزیرستان میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی کمی ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے جس نے وہاں کے عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا ہوا ہے۔ ان مسائل کو حل کرنے اور علاقے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن نے ان اضلاع میں فلاحی اقدامات شروع کرنے کا عزم کیا ہے۔

”چیغہ نیوز نیٹ ورک“ کے صدر و ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے سیکرٹری اطلاعات صحافی نثار احمد محسود نے میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل منیجر محمدبلال ظفر سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد قبائلی اضلاع میں صحت و تعلیم سمت دیگر مسائل سے آگاہ کرنا تھا۔ ملاقات میں نثار احمد محسود نے قبائلی اضلاع بالخصوص وزیرستان میں صحت اور تعلیم کی ابتر صورتحال پر روشنی ڈالی اور ان مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

photo By Nisar Mehsood

اس موقع پر میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر محمد بلال ظفر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ادارہ ان شاء اللہ قبائلی اضلاع میں خاص طور پر وزیرستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فاؤنڈیشن کے تحت مختلف فلاحی منصوبے بہت جلد ان اضلاع میں شروع کیے جائیں گے ۔جن میں طبی سہولیات کے مراکز کا قیام تعلیمی اداروں کی بہتری اور نو جوانوں کو تربیتی مواقع کی فراہمی شامل ہوں گی۔ محمدبلال ظفر نے مزید بتایا کہ وہ عنقریب ان علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں کی اصل صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کیا جا سکے اور اس بنیاد پر فاؤنڈیشن کے اقدامات کو عملی جامعہ پہنایا جا سکے۔

نثار احمد محسود نے فاؤنڈیشن کے اس عزم پر جنرل منیجر محمد بلال ظفر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات قبائلی اضلاع خصوصاً وزیرستان کے لوگوں کے لئے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوں گے۔ انہوں نے میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن کے اس نیک قدم کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات علاقے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں گے اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن پاکستان کے ممتاز صحافتی ادارے جنگ گروپ کے زیر اہتمام کام کرنے والا ایک معروف فلاحی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ صحت، تعلیم اور سماجی ابلاغ کے شعبوں میں بے مثال خدمات فراہم کرتا ہے۔ فاؤنڈیشن نے وقتاً فوقتاً مختلف قدرتی آفات جیسے زلزلے سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں بھرپور انداز میں عوامی خدمات سرانجام دی ہیں اور پاکستان بھر میں ضرورت مند افراد تک امداد پہنچائی ہے۔ فاؤنڈیشن کے اقدامات نہ صرف شہری بلکہ دور دراز دیہی علاقوں میں بھی قابل ذکر رہے ہیں۔

photo By Nisar Mehsood

قبائلی اضلاع میں میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن کی جانب سے کئے جانے والے یہ اقدامات علاقے کے عوام کو جدید سہولیات فراہم کریں گے اور تعلیم و صحت کے معیار کو بلند کرنے میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔ علاقے میں حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا ایک طویل مدتی مقصد ہے جس سے لوگوں کو مستحکم اور صحت مند زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔

میر خلیل الرحمن فاؤنڈیشن اور اس طرح کے دیگر فلاحی اداروں کے مثبت کردار اور بےمثال اقدامات سے نہ صرف قبائلی عوام کو فوری فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں کا ایک نیا باب کھلے گا۔ امید کی جا سکتی ہے کہ اس مثالی اقدام سے علاقے کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور دیگر ادارے بھی فلاحی سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کریں گے تاکہ پاکستان بھر میں زندگی کے ہر شعبے میں بہتری لائی جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں