مریدکے(چیغہ نیوز ) مذہبی اسکالر ڈاکٹر حافظ عبدالرحمان مکی کی نمازجنازہ ننگل ساہداں گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔
حافظ عبدالرحمان مکی آج صبح عارضہ قلب کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالرحمٰن مکی چند روز سے علیل تھے اور لاہور کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
ان کی نماز جنازہ ان کے بھانجے حافظ طلحہ سعید نے پڑھائی، نماز جنازہ میں سیاسی ومذہبی شخصیات، علمائے کرام، سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
حافظ عبدالرحمان مکی کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مریدکے کے مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔
حافظ عبدالرحمان مکی نے ام القریٰ یونیورسٹی مکہ مکرمہ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی، وہ پاکستان میں مذہبی انتہاپسندی اور فتنہ خوارج کے خلاف مضبوط آواز تھے۔
حافظ عبدالرحمان مکی مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں بھی توانا آواز تھے۔