جنوبی وزیرستان(چیغہ نیوز) سراروغہ میں محسود قبائل کے نمائندہ وفدکی آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل مہرعمرنیازی کے ساتھ گرینڈ جرگےکا انعقاد ہوا جرگے میں قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، اور صحافیوں نے شرکت کی۔
جرگے میں سابقہ سینیٹر مولانا صالح شاہ، ملک رفا خان، اور رکن صوبائی اسمبلی اصف خان محسود نے محسود قوم کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ مولانا صالح شاہ نے محسود قبائل کے پانچ اہم مطالبات پیش کیے،
آئی جی ایف سی ساؤتھ نے قومی جرگہ سے خطاب میں محسود قبائل کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ محسود قوم نے خطے میں امن کے قیام اور ترقی کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کے تعاون کے بغیر یہاں کی ترقی اور امن ممکن نہیں۔
جرگے میں عمائدین کی جانب سے قوم کو درپیش مسائل پر آئی جی ایف سی نے فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
مزید برآں، انہوں نے محسود قبائل کے ساتھ مل کر علاقے میں ترقیاتی منصوبے، تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری بارے اقدامات کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی
جرگے کو امن و ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ قبائل اور انتظامیہ کے درمیان تعاون خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔