جنوبی وزیرستان(چیغہ نیوز)
جنوبی وزیرستان: سراروغہ میں دو روز قبل آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (ساؤتھ) اور محسود قوم کے عمائدین کے درمیان ہونے والے جرگے کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔
آئی جی ایف سی کی ہدایت پر مقامی بریگیڈ کمانڈر نے مکین میں قومی جرگہ وفد کے ساتھ ملاقات کی، جس میں نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی 20 جنوری کو گھروں کو واپسی کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
عمائدین نے اس موقع پر اسے امن کی بحالی کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف دیرپا امن کے قیام بلکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔
جرگے کے شرکاء نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو عوام کی مشکلات کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیشرفت سے خطے میں استحکام اور بحالی کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔