کوئٹہ (چیغہ نیوز)
قلات کے علاقے مغل زئی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا جس میں ایک اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر کے مطابق خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں علاقے سے گزر رہی تھیں۔ دھماکے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں صوبے میں امن و استحکام کو متاثر نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے شہید اہلکار عطاء اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔