بنوں: (نمائندہ خصوصی) بنوں کینٹ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بروقت کارروائی میں پانچ سے چھ مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، افطار کے بعد کوہاٹی گیٹ کے قریب دو خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کینٹ کی دیوار میں شگاف پڑ گیا۔ دھماکوں کے فوری بعد دیگر مسلح دہشت گردوں نے کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
قریبی علاقے میں مسجد منہدم، متعدد نمازی زخمی
دھماکوں کے باعث قریبی علاقے کوٹ براہ میں واقع جنازہ گاہ مسجد کو شدید نقصان پہنچا اور مسجد کی عمارت منہدم ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق، افطار کے بعد نماز ادا کرنے والے کئی روزہ دار ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
متعدد علاقوں میں نقصانات، ریسکیو آپریشن جاری
دھماکوں کے اثرات کے باعث کئی قریبی علاقوں میں گھروں کی چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
9 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی
ذرائع کے مطابق دھماکوں میں 9 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکوں کے باعث کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔