اسلام آباد (چیغہ نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے مل بیٹھنے اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں جانب سے سخت مؤقف رکھنے والے رہنماؤں کو قائل کرنے کی ضرورت پر بات کی گئی۔ سردار ایاز صادق نے تجویز دی کہ:
“آپ اپنی جماعت میں سخت گیر مؤقف رکھنے والوں کو سمجھائیں، اور میں اپنی جماعت کے سخت گیر افراد کو قائل کروں گا۔”
اسد قیصر نے اس تجویز پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے ساتھ مشاورت کریں گے اور اس معاملے پر آگے بڑھنے کی حکمت عملی طے کریں گے۔
دونوں رہنماؤں نے قوم کے سامنے مذاکراتی عمل کو شفاف رکھنے اور تمام فریقین کے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے وفد نے اسپیکر سے ملاقات کی، جس میں مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم، بعد ازاں وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پی ٹی آئی سے کسی قسم کے رابطے یا مذاکرات کی تردید کی تھی۔