108

موسٰی خیل میں دہشت گردی کا المناک واقعہ

بلوچستان (چیغہ نیوز ) موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا۔ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق بین الصوبائی شاہراہ پر راڑہ شم کے قریب مسلح افراد نے ناکہ لگا کر مذموم کارروائی کی۔

موسٰی خیل میں دہشت گردی کا المناک واقعہ، 23 مسافروں کا قتل
واقعہ کی تصویر

ایوب اچکزئی کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگاکر مسافروں کو بسوں سے اتارا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ملسح افراد نے فرار ہونے سے قبل 10 گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، پولیس، لیویز موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔موسٰی خیل دہشت گردی المناک واقعہ؛ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور دیگرحکام کی شدید مذمت

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ملک میں دہشتگردی ہرگزقبول نہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دُشمن ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم مسافروں کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کیا۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں