اسلام آباد(چیغہ نیوز)جاپان نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے لیے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے۔ کہ جاپان کی جانب سے ملنے والی گرانٹ 2025 کی پولیو مہمات میں استعمال ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ ملنے والی گرانٹ سے 2 کروڑ سے زائد پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔
عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ جاپان کی مستقل حمایت کے ساتھ ہم پولیو کے خلاف اپنی کاوشوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز کو صفر پر لانے کے عزم پر قائم ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں اب تک 59 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں سے ابھی تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا۔ملک میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر حکومت پاکستان اپنے شراکت داروں کے تعاون سے 2025 میں ایک وسیع اورسٹریٹجک ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ جس کا مقصد بچوں میں اس مہلک بیماری کا خاتمہ ہے۔انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچے ہدف ہوتے ہیں۔
پنجاب کے 36 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 16 دسمبر کو ہو گا۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔ جبکہ دیگر 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔صوبے میں مہم کے دوران 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔