66

جنوبی وزیرستان اپر کے صحافیوں کے وفد نے صدر حیات اللہ خان محسود کی قیادت میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات

پشاور (چیغہ نیوز/نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے وفد نے پریس کلب کے صدر ملک حیات اللہ خان محسود کی سربراہی میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔پریس کلب کے وفد میں جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوب وزیرستان اپر ارشاد محسود فائنانس سیکرٹری وسیم محسود آفس سیکرٹری عمران تہیم بھی شامل تھے۔ اس اہم ملاقات میں جنوبی وزیرستان کے صحافیوں نے قبائلی علاقوں میں صحافت کے چیلنجز سلامتی کے مسائل اور مواصلات کی ناکافی سہولیات پر بات کرتے ہوئے حکومتی تعاون کے مطالبے کو اجاگر کیا۔

صحافیوں نے اپنے موقف میں بتایا کہ جنوبی وزیرستان جیسے حساس علاقوں میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں انہیں مختلف مشکلات کا سامنا ہے جن میں محدود مواصلاتی نیٹ ورک تحفظ کی ناکافی سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی کمی شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مشکلات کے باوجود وہ عوام کے حقوق اور علاقے کے حقیقی مسائل کو سامنے لانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں مگر حکومتی سطح پر مزید تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

وفد نے اس بات کی نشاندہی کی کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال اکثر غیر یقینی رہتی ہے جس سے صحافیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی سطح پر ان کی حفاظت کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی صحافتی خدمات انجام دے سکیں۔ صحافیوں نے عالمی معیار کی سہولیات تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنا سکیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنا اور ان کی مشکلات کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور اس کا کردار معاشرتی استحکام اور ترقی میں اہم ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے یقین دلایا کہ حکومت صحافیوں کی حفاظت اور پیشہ ورانہ ترقی کے لئے عالمی معیار کے مطابق اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے صحافی مشکل حالات کے باوجود علاقے کے مسائل کو نمایاں کر رہے ہیں جو کہ ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا کے کردار کو مضبوط بنانے کے لئے جدید مواصلاتی سہولیات، سلامتی کے اقدامات اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ صحافی اپنے فرائض کو مزید بہتر اور آزادانہ انداز میں ادا کر سکیں۔ انہوں نے جنوبی وزیرستان کے صحافیوں کے جذبے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی اور حکومت کے تعاون سے علاقے میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں