88

بچی سکول سے واپس نہ آنے پر والدین نے پولیس کو اطلاع دی، اہلکاروں نے جا کر دیکھا تو ایسا منظر کہ روح کانپ جائے

سیئول (چیغہ نیوز)
جنوبی کوریا کے ایک سکول میں خاتون ٹیچر نے آٹھ سالہ طالبہ کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس نے پیر کی شام مرکزی شہر ڈیجون کے ایک ایلیمنٹری سکول میں استانی اور بچی کو زخمی حالت میں پایا۔ زخمی بچی کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ استانی کے گلے اور بازو پر زخم موجود تھے جو ممکنہ طور پر خودکے لگائے ہوئے ہو سکتے ہیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مذکورہ استانی نے ماضی میں ذہنی دباؤ (ڈپریشن) کی وجہ سے رخصت لی تھی اور گزشتہ سال کے آخر میں دوبارہ سکول واپس آئی تھی۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی کلاسز کے بعد چائلڈ کیئر کے لیے سکول میں موجود تھی اور بعد میں اسے ایک نجی آرٹ کلاس میں جانا تھا۔ والدین نے بچی کی غیر حاضری پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اہلکار شام چھ بجے کے قریب سکول پہنچے اور دونوں کو زخمی حالت میں پایا۔

ٹیچر کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس نے ابتدائی تفتیش میں بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ صحت یاب ہونے کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں