دبئی (ویب ڈیسک)
آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا،محاورا بظاہر پاکستانی لڑکے کی محبت میں ناکام واپس جانیوالی امریکی خاتون پر فٹ بیٹھتا ہے جسے اب دبئی میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیل کے مطابق پاکستانی لڑکے کی محبت میں مبتلا امریکی خاتون کراچی میں لگ بھگ 4 ماہ تک رہ کر گزشتہ دنوں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے براستہ دبئی امریکا کے لیے روانہ ہوئی تھیں تاہم وہ وطن واپس لوٹنے کے بجائے دبئی میں ہی رک گئیں، اس دوران ان کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔
اونیجا اینڈریو رابنسن 7 فروری کی رات کراچی سے پرواز ای کے 603 سے دبئی پہنچی تھیں، اب انہیں دبئی میں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ خاتون نے دبئی سے پرواز ای کے 203 سے نیویارک جانا تھا مگر خاتون نے یہ پرواز چھوڑ دی، اونیجا امریکی شہری ہونے کی وجہ سے آن ارائیول ویزے پر دبئی میں چلی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ان کی فیملی کے لوگ نیویارک میں اونیجا کے پہنچنے کا انتظار کر رہے تھے مگر وہ نہیں پہنچی تو امریکی حکام کی جانب سے خاتون کی تلاش شروع کی گئی۔ذرائع کے مطابق دبئی کی سڑکوں پر ویڈیوز سامنے آنے پر امریکی ادارے حرکت میں آئے اور اماراتی حکام سے رابطہ کیا جس پر خاتون کی آمدورفت محدود کرکے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اونیجا کو دبئی سے امریکا بھیجنا پھر مسئلہ بن رہا ہےکیونکہ خاتون نے کوئی قانونی خلاف ورزی نہیں کی اور وہ وزٹ ویزا پر ہیں اس لیے اسے زبردستی نہیں بھیجا جا سکتا، کسی وجہ سے اگر خاتون کو دبئی سے ڈی پورٹ بھی کیا جائے تو کوئی ائیر لائن یا پائلٹ اس ‘ابنارمل’ خاتون کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر 15 گھنٹے طویل پرواز میں لے جانے پر آمادہ نہیں۔