89

گورنر سے ناراض قبائلی صحافیوں کے لیے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا بڑا اعلان

پشاور (چیغہ نیوز)

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا قبائلی صحافیوں کے لیے بڑے اعلانات

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے قبائلی صحافیوں کے لیے مالی معاونت اور دیگر مراعات کے بڑے اعلانات کر دیے۔ قبائل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے یونین کے صدر اوردین محسود کی قیادت میں وزیر اعلی سے ملاقات کی، جس میں مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے۔

علی امین گنڈا پور ڈسٹرکٹ پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے صدر ملک حیات اللہ کو کارڈ پہنا رہے ہے

وزیر اعلی نے کہا کہ “صحافی حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں” اور ضم اضلاع کے صحافی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے قبائلی صحافیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے درج ذیل اعلانات کیے:

  • قبائل یونین آف جرنلسٹس کے لیے 50 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ
  • دہشتگردی کے واقعات میں شہید صحافیوں کے ورثاء کے لیے 50، 50 لاکھ روپے
  • دہشتگردی کے واقعات میں زخمی صحافیوں کے لیے 10، 10 لاکھ روپے
  • ضم اضلاع کے پریس کلبوں کے لیے 20، 20 لاکھ روپے خصوصی پیکج
  • میڈیا انکلیو نیو پشاور ویلی میں ضم اضلاع کے صحافیوں کو شامل کرنے کا اعلان

وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ شائع کی ہے، جو مکمل طور پر حقائق پر مبنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اپنی آمدنی میں 55 فیصد اضافہ کیا اور صحت کارڈ اسکیم میں اصلاحات کے ذریعے 90 کروڑ روپے ماہانہ کی بچت ہو رہی ہے۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ضم اضلاع میں سرکاری ملازمتوں میں مقامی لوگوں کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے پن بجلی کے منافع، این ایف سی شیئر، اور تمباکو سیس کے معاملات پر جلد حل نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا۔

گورنر خیبر پختونخوا کے رویے سے قبائلی صحافی مایوس
واضح رہے کہ چند روز قبل گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قبائلی صحافیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، لیکن تین گھنٹے انتظار کرانے کے بعد ملاقات نہ ہونے پر صحافیوں نے بائیکاٹ کر دیا۔ اس واقعے کے بعد قبائل یونین آف جرنلسٹس نے وزیر اعلی سے ملاقات کا اہتمام کیا، جس میں علی امین گنڈاپور نے قبائلی صحافیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دل جیت لیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں