94

فیس بک نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعدد فیس بک پیجز کو ڈی مونیٹائز کردیا ؛ مگر کیوں؟

اسلام اباد (آئی این پی) فیس بک نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعدد فیس بک پیجز کو اچانک اور غیر متوقع طور پر ڈی مونیٹائز کر دیا۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران، فیس بک نے کئی ممالک میں مونیٹائزیشن پالیسی کو مزید سخت کرتے ہوئے سیکڑوں پیجز کی مونیٹائزیشن معطل کر دی ہے۔ حیران کن طور پر، جن فیس بک پیجز کو ڈی مونیٹائز کیا گیا، ان پر کسی قسم کی کمیونٹی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کا الزام بھی نہیں تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، فیس بک کے اس اقدام نے پاکستانی صارفین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جو فیس بک سے آمدنی حاصل کر رہے تھے۔ پیجز کو ڈی مونیٹائز کرنے سے قبل فیس بک انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی وارننگ یا وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، فیس بک نے ممکنہ طور پر اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں خاموشی سے بڑی تبدیلیاں کی ہیں، جن کا براہ راست اثر پاکستانی تخلیق کاروں پر پڑا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ڈی مونیٹائزیشن کا یہ غیر متوقع عمل فیس بک کی مالیاتی اہلیت سے متعلق نئی پالیسی کا حصہ ہو سکتا ہے، جس کے تحت پاکستانی بینک اکاؤنٹس اور ٹیکس تفصیلات کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ اب ممکنہ طور پر صرف مخصوص ممالک جیسے امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور بھارت کی مالی تفصیلات رکھنے والے پیجز ہی مونیٹائزیشن کے اہل ہوں گے۔

مزید برآں، اگر کوئی تخلیق کار اوریجنل کنٹینٹ تیار کرتا ہے اور فیس بک کی گائیڈ لائنز پر مکمل طور پر عمل پیرا بھی ہے، لیکن مالیاتی اہلیت کی نئی شرائط کو پورا نہیں کرتا، تو اس کی مونیٹائزیشن معطل ہو سکتی ہے۔ فیس بک کی مستقل مونیٹائزیشن کی پابندی سے بچنے کے لیے پیج مالکان کو اپنی مالیاتی معلومات اہل ممالک کے بینک اکاؤنٹس اور ٹیکس تفصیلات کے مطابق فراہم کرنا ہوگا، جو کہ سرکاری ریکارڈز سے مطابقت رکھتی ہوں۔

یہ نئی پالیسی پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹرز اور فیس بک پر کاروبار کرنے والے افراد کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے ان کی آمدنی پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں