کراچی (چیغہ نیوز)
مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سی آئی اے پولیس نے معروف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی برانڈ کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔

تفتیش کے دوران ساحر حسن نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ دو سال سے منشیات فروخت کر رہا تھا اور مقتول مصطفیٰ عامر کے قتل کے مرکزی ملزم ارمغان کو بھی منشیات فراہم کرتا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساحر حسن کی گرفتاری کے بعد اعلیٰ طبقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایلیٹ کلاس میں گیٹ ٹو گیدر کی تقریبات میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، اور یہ گرفتاری کئی اہم شخصیات کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ دیگر ملوث افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔