55

شمالی وزیرستان: میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں میں شدید جھڑپ

میر علی (شمالی وزیرستان): حافظ گل بہادر گروپ کے عسکریت پسندوں اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے درمیان شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شدید جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ سے زور دار دھماکوں اور مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جبکہ علاقے میں دھواں بلند ہوتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران بازار کے کئی دکانوں کو آگ لگ گئی ہے، جس سے میر علی کے مرکزی علاقے میں دھواں پھیل چکا ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ شہری خوف و ہراس کے باعث محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن جاری ہے۔ فی الحال ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موصول نہیں ہو سکیں، تاہم علاقے کی فضا کشیدہ ہے۔

یہ جھڑپ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں