خیبر پختونخوا وانا (چیغہ نیوز)
وانا کے علاقہ دژہ غونڈہ اور کریکوٹ کے مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی جانب سے وال چاکنگ کے واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہید کپٹن ولی کے مزار اور گنگی خیل کے دکانوں کی دیواروں پر رات کے وقت مسلح افراد نے وال چاکنگ کی۔

چیغہ نیوز کے رپورٹر نے بتایا کہ علاقے کے دکانداروں نے صبح جب دکانیں کھولیں تو وال چاکنگ دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق دیواروں پر “ٹی ٹی پی” اور “ٹی ٹی” جیسے الفاظ لکھے گئے تھے، جس سے لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

دژہ غونڈے میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کی موجودگی کے باوجود مسلح افراد کی آزادانہ نقل و حرکت عوام کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز علاقے میں امن قائم کرنے میں ناکام رہی ہیں، بلکہ حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ رات کے وقت سیکورٹی اہلکار قلعوں اور تھانوں میں محدود ہو جاتے ہیں، جبکہ مسلح افراد کو کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکورٹی ادارے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جینے کا حق دیا جائے اور کاروبار سمیت زندگی کے دیگر معاملات میں مداخلت نہ کی جائے۔

مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وال چاکنگ جیسے واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔رپورٹر ایچ ڈی