وانا (قسمت اللہ وزیر) – جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے اعظم ورسک میں جمعہ کے روز مولانا عبدالعزیز مسجد کے اندر محراب کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے مسجد کے اندر خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نماز کے وقت ہوا جب نمازی بڑی تعداد میں مسجد میں موجود تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
تاحال کسی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کے بعد سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔