70

جنوبی وزیرستان : سیکورٹی فورسز کی عام آبادی پر فائرنگ ایک شخص جاں بحق، سات زخمی ،مقامی ذرائع

خیبر پختوخوا (چیغہ نیوز)

زخمیوں کی فوٹو

مقامی ذرائع کے مطابق، ایک جرگہ جاری تھا کہ اس دوران ایک چھوٹے ڈرون سے ان پر مارٹر گرا دیا گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق اس واقعے میں خیر اللّٰہ نامی مقامی ٹھیکیدار شہید جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے ہیں، ویلج چیئرمین اسحاق شمیرائی کے مطابق زخمیوں میں گلا خان، نونا خان گلیشائی، امین گل، ارشاد ہیبت خیل، نورزادہ ہیبت خیل، اور نورگل گلیشائی شامل ہیں۔

خیر اللّٰہ شہید مقامی ٹھیکیدار کی فوٹو

زخمیوں کی حالت اور تحقیقات

تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان اپر نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

سیاسی ردعمل

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) فاٹا کے سربراہ اور سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا جمال الدین نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے جاری بیان میں مولانا جمال الدین نے متاثرین کی فوری امداد اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

زخمیوں کی فوٹو

یاد رہے اس سے قبل معتبر ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر تحصیل لدھا میں گزشتہ روز سیکورٹی فورسز نے نورخمان اور ان کے بھائی تعلیم پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں نورخمان شہید جبکہ تعلیم زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نورخمان اور تعلیم کا کسی بھی مسلح تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

نورخمان کی فوٹو

مقامی افراد نورخمان کی لاش کے ہمراہ کوٹکئی بازار میں احتجاجی دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ دھرنے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔

علاقے میں جاری ان واقعات کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مقامی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کا قبائلی عمائدین کے ساتھ سراروغہ میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا تھا، جس میں آئی جی ایف سی نے کہا تھا کہ آئندہ عام آبادی پر فائرنگ یا مارٹر گولہ نہیں داغا جائے گا۔

آئی جی ایف سی کے ساتھ ہونے والے جرگہ کی تصویر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں