امریکہ (چیغہ نیوز ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
ایک انٹرویو میں رچرڈ گرینل نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ جو کام 4 سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی سربراہ حکومت سے بہترین تعلقات تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیل میں قید رہنما بانی پی ٹی آئی، امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح سیاست میں آؤٹ سائیڈر تھے، کامن سینس کی بات کرتے تھے۔
نامزد ایلچی نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ چاہتی ہے کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، اُن پر ویسے ہی الزامات ہیں، جیسے ٹرمپ پر تھے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترجمان محکمہ خارجہ میتھو ملر نے پیچیدہ گفتگو کی، اصل بات یہی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے۔