51

امریکی صدر ٹرمپ کا شمالی کوریا پر ایسا بیان کہ دنیا حیران رہ گئی

واشنگٹن (چیغہ نیوز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات رکھے گا اور ان کا کم جونگ اُن کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا ایک “بڑی کامیابی” ہے۔ صدر ٹرمپ نے جاپان کے وزیرِاعظم شیگیرو ایشیبا سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے امکان پر بات کی۔ ٹرمپ نے جاپانی وزیرِاعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا “ہم شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات رکھیں گے، اور میں کم جونگ اُن کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رکھتا ہوں۔”

فوکس نیوز کے مطابق ٹرمپ جو 2018 میں کم جونگ اُن سے سنگاپور میں تاریخی ملاقات کرنے والے پہلے امریکی صدر بنے، اپنی پہلی مدت میں قائم کیے گئے ذاتی تعلقات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹرمپ 2019 میں دوبارہ کم جونگ اُن سے ملے اور وہ پہلے امریکی صدر بنے جنہوں نے غیر فوجی زون سے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا “ہمارے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے کہ میرے اور کم جونگ اُن کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔” صدر ٹرمپ نے کہا کہ جاپان بھی شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کبھی قائم نہیں ہوئے، اور ان کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

وزیرِاعظم شیگیرو ایشیبا نے بھی اس پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب جب ٹرمپ دوبارہ اقتدار میں آچکے ہیں تو امریکہ، جاپان اور اس کے اتحادی شمالی کوریا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ سے ملاقات میں وزیرِاعظم ایشیبا نے شمالی کوریا کی جانب سے 1970 اور 1980 کی دہائی میں اغوا کیے گئے جاپانی شہریوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اگرچہ شمالی کوریا نے کچھ قیدیوں کو 2000 کی دہائی میں رہا کردیا تھا لیکن پیانگ یانگ نے جاپان کو اس مسئلے کی مکمل وضاحت کبھی فراہم نہیں کی۔ اس حوالے سے جاپان کا مؤقف ہے کہ جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہوتا، شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں