پشاور (چیغہ نیوز) حکومت سے مذاکرات کب شروع ہوں گے؟ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا ہر حکم میرے لیے مقدم ہے، جو ہدایت ملے گی، اس پر مکمل عمل کروں گا۔ حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے احتجاج میں تمام مشکلات کے باوجود اسلام آباد پہنچے تھے، اور اس بار بھی میں اور پی ٹی آئی کارکن ہر حال میں ڈی چوک پہنچیں گے۔ ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بانیٔ پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا اور ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے۔
وفاقی اور پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کو تکلیف پہنچانے کے لیے موٹروے اور اہم شاہراہوں کو بلاک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے، لیکن حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ملک کو بلاک کر رہی ہے۔